فضائی آلودگی سے ڈپریشن کا خطرہ بڑھتا ہے، تحقیق

فضائی آلودگی سے معمر افراد میں ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔  یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہارورڈ ٹی ایچ چن اسکول آف پبلک ہیلتھ کی تحقیق میں طویل عرصے تک فضائی آلودگی سے متاثرہ جگہ پر رہنے اور بڑھاپے میں ڈپریشن کی تشخیص کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا تھا۔

ڈپریشن ایک سنگین بیماری ہے جو دماغ کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کو بھی متاثر کرتی ہے۔

اس تحقیق کے لیے 89 لاکھ افراد کے طبی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گی جن میں سے 15 لاکھ میں ڈپریشن کی تشخیص ہوئی تھی۔

محققین نے یہ بھی جائزہ لیا کہ جن افراد میں ڈپریشن کی تشخیص ہوئی تھی، ان کے علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال کیا تھی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ فضائی آلودگی سے متاثرہ علاقوں میں رہنے والے افراد میں ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ فضائی آلودگی کی تمام اقسام سے بڑھاپے میں ڈپریشن کی تشخیص کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ فضائی آلودگی کس طرح معمر افراد میں ڈپریشن کا باعث بنتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل JAMA Network Open میں شائع ہوئے۔