ریپبلکن رہنما کیون مک کارتھی امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر منتخب ہوگئے

ریپبلکن رہنما کیون مک کارتھی امریکی ایوان نمائندگان (ایوان زیریں)کے اسپیکرکے لیے ووٹنگ کے15ویں مرحلے میں بالآخر اسپیکر منتخب ہوگئے۔

مک کارتھی کو ایوان نمائندگان میں 428 میں سے216 ووٹ حاصل ہوئے جب کہ ان کے حریف ڈیموکریٹ حکیم جیفریز کو 212 ووٹ حاصل ہوئے۔

ماضی میں امریکا کے ایوان نمائندگان میں اسپیکرکا طویل ترین الیکشن 1855ء میں ہوا تھا جب اسپیکر کے انتخاب کے لیے 2 ماہ تک ووٹنگ جاری رہی تھی جس میں رائے شماری کے 133 راؤنڈ ہوئے تھے۔

امریکی صدرجوبائیڈن نے کیون مک کارتھی کو اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

اسپیکر منتخب ہونے پر مک کارتھی نے جیت کا تمام ترکریڈٹ ڈونلڈ ٹرمپ کو دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

 مک کارتھی کا کہنا تھا کہ ووٹنگ کے دوران ٹرمپ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کی بھرپور حمایت کی۔