کیا سعودیہ نے رونالڈو اور انکی گرل فرینڈ کیلئے شادی کے قوانین تبدیل کر دیے؟

گزشتہ ماہ سعودی فٹبال کلب النصر کے ساتھ معاہدہ کرنے والے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی پارٹنر جارجینا روڈریگیز ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں میں ہیں۔

رونالڈو اور جارجینا نے اب تک شادی نہیں کی البتہ دونوں ایک ساتھ ہی رہتے ہیں لیکن سعودی عرب میں شادی کے بغیر ایک ساتھ رہنے کی اجازت نہیں ہے، لہٰذا اس حوالے سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر کافی چرچہ ہے کہ آیا سعودی حکومت دونوں کو ساتھ رہنے کی اجازت دے گی یا نہیں۔

اس حوالے سے سعودی وکلا نے ہسپانوی خبر رساں ایجنسی ای ایف ای کو بتایا ہے کہ  سعودی حکومت رونالڈو کے حوالے سے قوانین میں نرمی کردے گی اور دونوں کو ایک ساتھ رہنے کی اجازت دی جائے گی۔

وکلا نے نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر ای ایف ای کو بتایا کہ اگرچہ مملکت کے قوانین میں اب بھی شادی کے بغیر ایک ساتھ رہنے پر پابندی ہے لیکن رونالڈو کے معاملے میں ایسا کچھ نہیں ہے۔

ایک وکیل نے بتایا کہ شادی کے یہ قوانین اس وقت زیرِ غور لائے جاتے ہیں جب کوئی جرم سرزد ہوا ہو۔

دوسرے وکیل نے یہ بھی بتایا کہ آج کل سعودی حکام غیر ملکیوں کے اس معاملے میں مداخلت نہیں کرتے، چاہے ملک میں شادی کے بغیر ایک ساتھ رہنے پر کتنی ہی سختی کیوں نا ہو۔

واضح رہے کہ رونالڈو اور سعودی کلب کے درمیان ڈھائی سالہ معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت النصر کلب انہیں 21 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز معاوضہ ادا کرے گا۔