سابق امریکی صدر ٹرمپ کے ٹیکس گوشوارے پبلک کردیے گئے

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیکس گوشوارے پبلک ( عوام کے سامنے ظاہر) کردیے گئے۔ گزشتہ دنوں امریکی قانون سازوں نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیکس گوشوارے عوام کے سامنےلانےکے حق میں ووٹ دیا تھا۔

امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے 2015سے 2020 تک کے ٹیکس گوشوارے ظاہرکرنےکے حق میں 24 جب کہ مخالفت میں 16 ووٹ ڈالےگئے، مخالفت کرنے والے تمام ارکان ری پبلکن تھے۔

 تاہم اب  ٹرمپ کے 6 سال کے ٹیکس گوشوارے   پبلک کردیے گئے ہیں۔

دوسری جانب جمعہ کو ہزاروں صفحات پر مشتمل ٹیکس گوشوارے ریلیز کرنے پر ٹرمپ انتظامیہ نے ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اس عمل سے امریکی سیاست تقسیم ہو جائے گی۔

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈیموکریٹس کو یہ نہیں کرنا چاہیے تھا جبکہ سپریم کورٹ کو اسے  منظور نہیں کرنا چاہیے تھا یہ فیصلہ خوفناک چیزوں کا باعث بنے گا۔

واضح رہےکہ قانون کی رو سے امریکی صدر پر ٹیکس ریٹرن ظاہرکرنا لازم نہیں ہے تاہم دہائیوں سے امریکی صدور رضاکارانہ طور پر ایسا کرتے رہے ہیں جب کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹیکس ریٹرن چھپانےکے لیے تمام تر کوششیں کیں۔

2020 میں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ڈونلڈ ٹرمپ کے 18 سال کے ٹیکس گوشواروں  کا ریکارڈ حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔