فلائٹ کینسل،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پاک فضائیہ نے ملتان پہنچایا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں آج ملتان میں ہونے والا گلیڈی ایٹرز اور سلطانز کا میچ پاکستان ائیر فورس کی وجہ سے ممکن ہو سکا ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیم کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اسلام آباد اور ملتان کے خراب موسم کی وجہ سے قومی ائیر لائن کے اے ٹی آر کی چارٹرڈ فلائٹ ملتان نہ جا سکی اور کھلاڑی مایوس کن انداز میں دوبارہ ہوٹل آگئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے شام 7 بجے ملتان کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے فلائٹ اسلام آباد ائیرپورٹ سے نہ اڑ سکی، کھلاڑی تین گھنٹے سے زائد وقت ائیر پورٹ پر انتظار کرنے کے بعد دوبارہ اسلام آباد کے ہوٹل منتقل ہو گئے۔
کوئٹہ کی ٹیم کو کئی گھنٹے اسلام آباد انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر انتظار کرنے کے بعد واپس ہوٹل آنا پڑا تھا جب کہ ہفتے کو فلائٹ کے ٹیک آف کے بعد اسلام آباد میں ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
پاک فضائیہ کے خصوصی فلائٹ آپریشن کی وجہ کوئٹہ کی ٹیم ملتان کے میچ سے ساڑھے تین گھنٹے پہلے ملتان پہنچ سکی اور پاکستان سپر لیگ کے میچ کا انعقاد ممکن ہو سکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے تعاون کے بغیر میچ کا انعقاد خطرے میں تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں