5,539

بشریٰ بی بی نے قوم کے نام پیغام میں کیا کہا؟

اسلام آباد: جہاں آج کا دن عمران خان کی زندگی میں بے حد اہمیت کا حامل ہے وہیں یہ دن انکی اہلیہ اور پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بی بی کے لئے بھی کم اہمیت کا حامل نہیں ہے. آج اپنے خاوند اور نومنتخب وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تقریب حلف برداری میں وہ بہت باوقار انداز میں شریک ہوئیں. انہوں نے سر سے پاؤں تک سفید عبایا زیب تن کیا ہوا تھا جبکہ چہرے پر نقاب تھا.

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کل قوم سے خطاب کریں گے
بشریٰ بی بی کا لباس ریشم اور لیس سے تیار کیا ہوا تھا اور انہوں نے سفید ہائی ہیل پہنی ہوئی تھی اور میچنگ نیل پالش بھی لگارکھی تھی جبکہ ان کی چمچماتی انگوٹھی بھی سب کی توجہ کا مرکز رہی. وہ سفید تسبیح پر دوران تقریب ورد کرتی رہیں اور اپنی آنکھیں جھکائے رہیں.
حلف اٹھانے کے بعد عمران خان سب سے پہلے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے پاس آئے اور ان کو مبارکباد دی اور ان سے مبارکباد وصول بھی کی. بعد میں بشریٰ بی دیگر مہمانوں سے مبارکباد وصول کرتی رہیں.

بعد میں بشریٰ بی بی نے پہلی بار میڈیا کے نمائیندوں سے گفتگو کی اور قوم کے نام اپنے پہلے پیغام میں کہا کہ اقتدار آنی جانی چیز ہے اور آج مجھے خوشی سے زیادہ اس چیز کا خوف ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہم پر ایک بہت بڑی زمہ داری ڈال دی ہے اور وہ زمہ داری اس ملک کی ہے. وہ انشاءاللہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے.

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا مقصد پاکستان سے غربت، بدحالی اور کرپشن کا خاتمہ ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ پاکستانی قوم اس جدوجہد میں انکا ساتھ دے گی. بشریٰ بی بی کے ساتھ انکی دوست فرح خان بھی موجود تھیں.

بعد ازاں بشریٰ بی بی نے اپنی دوست فرح خان کے ہمراہ اپنی سرکاری رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا جو کہ وزیراعظم ہاؤس کی کالونی میں ملٹری سیکرٹری کا گھر ہے. فرح خان نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون اول بشریٰ بی بی نے گھر دیکھا ہے اور یہ دو بیڈ رومز پر مشتمل ایک گھر ہے. یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ وزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہیں گے تاہم سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر وہ اب وزیراعظم ہاؤس کی کالونی میں موجود ملٹری سیکرٹری کے لئے مخصوص گھر میں رہائش اختیار کریں گے.

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے آج ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا. صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے حلف لیا، حلف کے دوران عمران خان نے سیاہ شیروانی زیب تن کر رکھی تھی جس میں وہ سادہ لیکن پروقار نظر آرہے تھے. حلف کے دوران چند مقامات پر عمران خان تھوڑا نروس نظر آئے اور انکی زبان لڑکھڑا گئی.

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے حکومت کا چارج سنبھال لیا

ان سے نبی کریم صلیٰ اللہ علیہ و آلہ وسلم کو خاتم النبین کہنے کا جملہ صحیح طور پر ادا نہ ہوا اور صدر مملکت نے ان کی تصیح کی. وہ روز قیامت کو غلطی سے روز قیادت کہہ گئے.

حلف کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس میں تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں نے حصہ لیا.

فیس بک کے تبصرے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں